حمید سمسور
پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال روز بروز بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ رواں سال بالخصوص ملک کے دو صوبوں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شدت پسندی کے واقعات میں جس انداز سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ماضی میں اس کی مثالیں کم ہی ملتی ہیں۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے، عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور دہشت گردی و شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے مسلسل آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 74 دہشت گرد مارے گئے
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران میر علی میں فتنۃ الخوارج کے 35 اور اورکزئی میں ایک کارروائی کے دوران 8 خوارج مارے گئے۔
بلوچستان میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشنز
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انسدادِ شدت پسندی کی مہم کے تسلسل میں 3 نومبر سے سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر جامع ایریا سینیٹائزیشن آپریشن کر رہی ہیں، جن کے دوران اب تک 31 شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں اور وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ شدت پسندی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک میں غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی شدت پسندی کا خاتمہ ہے۔
حال ہی میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں شدت پسندوں کے مختلف حملوں اور سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے دوران متعدد افراد جان سے گئے ہیں۔ ان حملوں میں شدت پسندوں نے فوج، پولیس اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔
پاکستانی حکام کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ عسکریت پسندوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیچھے افغانستان میں برسرِ اقتدار افغان طالبان پر بھارت کا اثر و رسوخ ہے، جسے پاکستان اپنے لیے خطرہ تصور کرتا ہے۔ پاکستان اس حوالے سے فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کی اصطلاحات استعمال کر رہا ہے، تاہم افغان حکومت اور بھارت ان الزامات کو مسترد کرتے رہے ہیں۔ افغان حکومت کا مؤقف ہے کہ پاکستان اپنے ملک کی سیکیورٹی کا خود ذمہ دار ہے۔
سیاسی مبصرین کی کیا رائے ہے؟
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مختلف سیاسی، معاشی اور فوجی پالیسیوں اور آپریشنز کے باعث عوام اور حکومت کے درمیان بداعتمادی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق اب محض آپریشنز کے ذریعے اس صورتحال پر قابو پانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ گوادر سی پورٹ کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ دنیا کی اہم بندرگاہ ہے اور اس کے ذریعے چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت ہوگی، لیکن اس منصوبے میں 97 فیصد حصہ چین اور 7 فیصد وفاقی حکومت کا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سیندک منصوبے میں 50 فیصد چین، 48 فیصد وفاق اور 2 فیصد بلوچستان کا حصہ ہے۔ اسی طرح 1954 میں بلوچستان کے علاقے سوئی سے گیس دریافت ہوئی، جس سے پنجاب کے تمام کارخانے چل رہے ہیں، لیکن بلوچستان کے صرف 12 اضلاع کے ہیڈکوارٹرز کو گیس فراہم کی گئی ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے مطابق بنیادی مسئلہ وسائل پر اختیار نہ ہونا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو اس کے جائز قانونی حقوق دیے جانے چاہییں۔
خطے کی بڑی قوتوں کے درمیان کشمکش
بعض سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پاکستان اپنے مخصوص جغرافیائی محل وقوع اور معدنی وسائل کے باعث غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، تاہم خطے کی بڑی قوتوں کے درمیان جاری کشمکش ملک کی سیکیورٹی اور امن و امان کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔
سیاسی امور کے ماہر محمد اعظم کاکڑ کہتے ہیں کہ پاکستان کی مخدوش سیکیورٹی صورتحال کی دیگر وجوہات کے ساتھ ایک بڑی وجہ خطے کی بڑی قوتوں کے درمیان کشمکش بھی ہے۔
ان کے مطابق چینی کمپنیاں سیندک، دودر، سی پیک اور گوادر سی پورٹ جیسے منصوبوں میں شریک ہیں، جبکہ دنیا کی دیگر بڑی قوتیں بھی ریکوڈک اور دوسرے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی کوشش کر رہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مخالف قوتیں بھی سرگرم ہیں، جو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار حالات نہیں چاہتیں۔ ان کے بقول علاقے میں موجود عسکریت پسند قوتوں کی مختلف طریقوں سے معاونت بھی کی جا رہی ہے۔
اعظم کاکڑ کا ماننا ہے کہ عوام اور حکومت کے درمیان ایک بڑا خلا موجود ہے۔ ان کے مطابق سیاسی بات چیت کے ذریعے بہت سے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں اور بلوچ عسکریت پسندوں سمیت تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ بھی مذاکرات کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ محض آپریشنز مسئلے کا حل نہیں ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی کا کنٹرول ریاست کے ہاتھوں سے نکلتا جا رہا ہے اور اب اسے دوبارہ طاقت کے ذریعے حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔