پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کا ملک گیر ہڑتال کا انتباہ، ایندھن کی قیمتیں 30 روز کے لیے مقرر کرنے کا مطالبہ

ریاض حسین| پاک ٹوڈے

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا نظام ختم کرکے 30 روز کے لیے قیمتیں مقرر کرنے کا طریقہ کار متعارف نہ کرایا گیا تو ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کردیے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن نے حکومت کو اپنے مطالبات تسلیم کرنے کے لیے 15 روز کی مہلت دی ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے ڈیلرز کا کاروباری سرمایہ تیزی سے ختم ہورہا ہے، جس کے باعث پیٹرول پمپ مالکان کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور مستقبل میں صارفین کو ایندھن کی فراہمی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدا بخش اور دیگر عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ ڈیلرز کا منافع فوری طور پر بڑھا کر پیٹرولیم مصنوعات کی خوردہ قیمت کا 8 فیصد مقرر کیا جائے۔ انہوں نے قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا نظام ختم کرنے اور پیٹرولیم پالیسی سے متعلق فیصلوں میں ڈیلرز کو اعتماد میں لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

ڈیلرز نے خبردار کیا کہ اگر ان کا کاروباری سرمایہ اسی طرح کم ہوتا رہا تو پیٹرول پمپوں پر ایندھن ختم ہوسکتا ہے، جس سے امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کے ساتھ عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

صدر خیبرپختونخوا پیٹرولیم ایسوسی ایشن گل نواز خان نے کہا کہ قیمتوں میں بار بار اتار چڑھاؤ کے باعث ڈیلرز کے لیے اپنے ذخائر برقرار رکھنا اور کاروباری نقصان سے بچنا مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیلرز کو ایک وقت میں تقریباً دو ہزار لیٹر ایندھن فراہم کیا جارہا ہے، جبکہ وہ پہلے ہی 10 ہزار لیٹر تک کا اسٹاک خرید چکے ہوتے ہیں۔ قیمتوں میں کمی کے بعد مہنگے داموں خریدا گیا ایندھن کم قیمت پر فروخت کرنے سے انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

گل نواز خان کے مطابق، ’’قیمتوں میں بار بار تبدیلی کی وجہ سے ہمیں کافی مالی نقصان ہورہا ہے۔ جب ہم زیادہ قیمت پر ایندھن خریدتے ہیں اور بعد میں قیمتیں کم ہوجاتی ہیں تو ہمیں اپنا موجودہ اسٹاک کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ڈیلرز کو اپنے ذخائر مناسب سطح پر برقرار رکھنے اور کاروبار کو غیر یقینی صورتحال سے بچانے کے لیے قیمتوں کا ایک مستحکم نظام درکار ہے۔

پی پی ڈی اے نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آئل ریفائنریوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کم کردی ہے، جبکہ ایک ریفائنری نے مبینہ طور پر ڈیزل کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اس کے ارکان روزانہ مجموعی طور پر 5 ارب 74 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کراتے ہیں۔

ڈیلرز کی جانب سے حالیہ ہڑتال کا انتباہ رواں سال دیا جانے والا تازہ ترین انتباہ ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ہڑتال کی کال دی گئی، تاہم ہر بار حکومتی مداخلت کے بعد اسے واپس لے لیا گیا تھا۔

ڈیلرز نے پہلی مرتبہ رواں سال مارچ میں ہڑتال کی دھمکی دی تھی، جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت انہوں نے اپنا منافع 2.59 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث عالمی تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر ہڑتال مؤخر کردی گئی تھی۔

حکومت نے جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا نظام متعارف کرایا تھا۔ اس وقت وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے پیش نظر یہ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

22 جولائی کو آل پاکستان پیٹرولیم پمپ اونرز ایسوسی ایشن نامی ایک دوسری تنظیم نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے مذاکرات کے بعد ملک گیر ہڑتال دو ہفتوں کے لیے مؤخر کردی تھی۔ حکومت نے اس نظام کا دو ہفتوں تک تجرباتی بنیادوں پر جائزہ لینے پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم روزانہ قیمتیں مقرر کرنے کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔

اگست میں پی پی ڈی اے نے ایک مرتبہ پھر 72 گھنٹوں کا ہڑتال کا الٹی میٹم دیا، تاہم وزیر پیٹرولیم کی جانب سے روزانہ قیمتوں کے نظام کو ختم کرنے سے انکار کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا۔

بعد ازاں وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز کے منافع میں 15.5 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی۔ اس فیصلے کے تحت یکم ستمبر سے ڈیلرز کا منافع 1.34 روپے فی لیٹر بڑھا کر 8.64 روپے سے 9.98 روپے کردیا گیا تھا۔

تاہم حکومت نے ڈیلرز کا منافع 8 فیصد مقرر کرنے کا بنیادی مطالبہ تسلیم نہیں کیا تھا۔ سرکاری حکام کے اندازوں کے مطابق اس مطالبے کی منظوری کی صورت میں اس وقت کی قیمتوں کے حساب سے پیٹرول پر تقریباً 26 روپے اور ڈیزل پر 30 روپے فی لیٹر منافع بنتا تھا۔
ایسوسی ایشن کے تازہ تحفظات کی ایک وجہ ستمبر میں وزیراعظم کی جانب سے ایندھن پر سبسڈی اسکیم کا آغاز بھی ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر پیٹرول پمپ مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے طریقہ کار کے حوالے سے ابہام پیدا ہوا تھا۔ تاہم بعد میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر انتظام ایک طریقہ کار کے ذریعے یہ مسئلہ حل کرلیا گیا۔

حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ 4 نومبر کو پیٹرول کی قیمت 369 روپے 60 پیسے فی لیٹر تھی، جو اب کم ہوکر 322 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ تاہم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا نظام ان کے لیے ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے۔

پی پی ڈی اے کے چیئرمین ملک خدا بخش نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ روزانہ قیمتیں مقرر کرنے کا نظام ختم کرکے 30 روز کے لیے قیمتیں مقرر کرنے کا طریقہ کار متعارف کرایا جائے، جیسا کہ آئل ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے رائج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار حکومت کے پاس ہی رہنا چاہیے، تاہم قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے یا پالیسی میں تبدیلی سے قبل ڈیلرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم سے متعلق کوئی بھی پالیسی ڈیلرز سے مشاورت کے بغیر نہیں بنائی جانی چاہیے۔

Related posts

2025 میں ہر گھنٹے پانچ خواتین اور بچیاں خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ

کراچی میں گھریلو تنازع پر چھوٹے بھائی کے ہاتھوں بڑا بھائی قتل

بلوچستان میں انتہائی مطلوب شدت پسندوں کی معلومات دینے پر 25 کروڑ روپے تک انعام مقرر