پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کی تحقیقات، اسعد محمود کو نیب کا نوٹس جاری

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو طلب کر لیا ہے۔

نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کو 10 نومبر 2026ء کو صبح 11 بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے بھی اس معاملے میں نوٹسز جاری ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نیب نوٹس کے مطابق اسعد محمود کے دورِ وزارت، 2022ء اور 2023ء کے دوران پاکستان پوسٹ آفس میں بھرتیوں اور مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3,938 اسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی تھی، تاہم مبینہ طور پر 4,252 افراد کو بھرتی کیا گیا۔

نوٹس میں 2,646 ختم شدہ اسامیوں پر بھرتیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جن کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔

نیب کے مطابق کنٹریکٹ بنیادوں پر ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے بھرتیوں کی سفارش کے باوجود بڑی تعداد میں مستقل تقرریاں کی گئیں، جس سے پاکستان پوسٹ آفس پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا معاملہ بھی تحقیقات کا حصہ ہے۔ بعض منتخب امیدواروں کی مبینہ سیاسی وابستگیوں سے متعلق الزامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تحقیقات میں جعلی اور بوگس دستاویزات، زائد العمر امیدواروں کی بھرتیوں اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں سے متعلق الزامات بھی شامل ہیں۔

Related posts

بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پریشان، آئی پی پیز کے کیپیسٹی پیمنٹس اور مہنگے توانائی نظام نے معاشی مشکلات بڑھا دیں

190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 10 نومبر کو ہوگی

لاہور میں سرکاری ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی