اسلام آباد (پاک ٹوڈے): چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اگر وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کیا گیا تو ان کی جماعت ہر آپشن استعمال کرے گی۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے حالات مزید خراب ہوں گے، ہم گورنر راج کی مذمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پرامن ہوگا، جبکہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کیے جانے کی صورت میں قومی اسمبلی سے استعفوں کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مضبوط وفاق کے لیے خودمختار صوبہ بہت ضروری ہے۔
دوسری جانب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے حکومت سے بات چیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا جواز پیش کیا جا رہا ہے، اگر بلوچستان میں بھی دہشت گردی ہے تو وہاں گورنر راج کیوں نہیں لگایا جا رہا۔
