اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی آئینی عدالت نے قیدیوں کو نجی اسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے تین قیدیوں کی نجی اسپتال میں منتقلی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 175-اے کی ذیلی شق 5 کے تحت آئینی تشریح کے سوال پر وفاقی آئینی عدالت کسی بھی دیگر عدالت کا ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔
سماعت کے دوران بینچ کے رکن جسٹس علی باقر نجفی نے آئینی عدالت کے اختیارِ سماعت سے متعلق نقطہ اٹھایا، جبکہ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس فوجداری نوعیت کا ہے اور اس میں دیا گیا حکم فی الوقت عبوری نوعیت کا ہے۔
عدالت نے معاملے کی جامع جانچ اور آئینی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سمیت تمام صوبائی ہائیکورٹس سے بھی اسی نوعیت کے زیر التوا اور فیصلہ شدہ مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔