واشُک (پاک ٹوڈے): کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے 29 اگست کو ضلع واشُک کے سرحدی شہر مشکیل میں سیکیورٹی تنصیبات اور سرکاری مراکز کے خلاف کئی مرحلوں پر مشتمل گوریلا کارروائی کا دعویٰ کیا ہے، جس میں 25 سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کی بات کی گئی ہے۔
بی ایل ایف کے ترجمان میجر گوہرام بلوچ کے مطابق تنظیم کے چھ دستوں نے مشکیل میں کسٹمز چوکی، پولیس اسٹیشن اور ایف سی کیمپوں پر حملے کیے، جن میں 25 سے زائد اہلکار ہلاک، متعدد زخمی، جبکہ 3 کواڈ کاپٹر اور 1 نگرانی کرنے والا ڈرون گرایا گیا۔ تنظیم نے کارروائی کے دوران قبضے میں لیے گئے ہتھیاروں، گولہ بارود اور عسکری سازوسامان کی تصاویر بھی ذرائع ابلاغ کو جاری کی ہیں۔
دوسری جانب، مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام نے بی ایل ایف کے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مسلح افراد کے اس حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا، جس کے بعد حملہ آور اپنا سامان چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
بی ایل ایف کی جانب سے سیکیورٹی فورسز سے قبضے میں لیے گئے اسلحے کی تفصیلات اور تصاویر بھی میڈیا کو جاری کی گئی ہے۔