دادو (پاک ٹوڈے): صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں پرانی دیرینہ دشمنی کے باعث دو مسلح گروپوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپ میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تصادم میں دونوں جانب سے جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں اکبر چانڈیو گروپ کے 6 جبکہ شیخ گلاب گروپ کے 2 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور امن و امان قائم کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے دادو میں ہونے والے اس خونریز واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔