اسلام آباد (پاک ٹوڈے): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر عوام کے مسائل حل نہ کیے گئے تو 3 ستمبر کے ملک گیر شٹر ڈاؤن کے بعد لانگ مارچ اور حکومت کا تختہ الٹنے کا اعلان کیا جائے گا۔
ایک اہم بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "وزیراعظم نوشتہ دیوار پڑھ لیں! عوام کے مسائل فوری حل کریں ورنہ 3 ستمبر کو شٹر ڈاؤن ہوگا اور اس کے بعد لانگ مارچ ہو گا۔ اگر میں نے انقلاب کی کال دے دی تو اس کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں، کیونکہ ہمارا لانگ مارچ شروع ہوا اور ہم نے حکومت کا تختہ الٹنے کا اعلان کر دیا تو آپ اسے سنبھال نہیں سکیں گے۔”
امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے بنیادی معاشی مطالبات پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے وصول کیا جانے والا اضافی بوجھ فوری ختم کیا جائے۔ پیٹرول کی قیمت فی الفور 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور مہنگے آئی پی پیز (IPPs) کے ساتھ کیے گئے ناانصافی پر مبنی معاہدوں کو بلا تاخیر ختم کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام اب مزید مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ برداشت کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں اور جماعت اسلامی اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔