نوشکی (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی مینگل میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح ملزمان نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر کے اندر داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت بی بی حنیفہ (زوجہ علی احمد محمد حسنی) اور ان کی بیٹی حفصہ (دختر علی احمد) کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیا اور ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی بنیادی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکی ہیں، تاہم واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔