مولانا فضل الرحمان کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے سے پہلے ن لیگ اپنی قیادت کا ماضی دیکھے، جے یو آئی

اسلام آباد (پاک ٹوڈے) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق وفاقی وزیر عطاء تارڑ کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے حقائق سے توجہ ہٹانے کی بھونڈی کوشش قرار دیا ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ دوسروں کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے سے پہلے عطاء تارڑ نواز شریف کے متنازع بیانات کا جواب دیں۔

ترجمان جے یو آئی نے سوال اٹھایا کہ نواز شریف اور شہباز شریف بتائیں کہ عطاء تارڑ کیا ان کی زبان بول رہے ہیں؟ ممبئی حملوں کے معاملے پر نواز شریف نے پاکستان کے خلاف جو بیان دیا تھا، عطاء تارڑ واضح کریں کہ وہ کس کے مؤقف کی ترجمانی تھی۔

اسلم غوری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپوزیشن میں اداروں پر تنقید کرتی ہے جبکہ حکومت میں انہی اداروں کے پیچھے چھپتی ہے۔ دوسروں سے وفاداری کے سرٹیفکیٹ مانگنے والوں کو پہلے اپنی قیادت کی سیاسی تاریخ کا حساب دینا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے تمام مکاتب فکر کو متحد کرکے پاکستان میں خودکش حملوں اور مسلح جدوجہد کے خلاف متفقہ فتویٰ دلوایا، جس کے نتیجے میں انہیں تین خودکش حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں امن کے قیام اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔

اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی خود شدت پسندی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی جماعتوں میں شامل ہے، جس کے سینکڑوں کارکن اور قائدین جان سے گئے۔ اپنے کارکنوں کا خون دینے والی جماعت کو حب الوطنی کا درس دینا سیاسی کم ظرفی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آمریت کی گود میں سیاسی پرورش پانے والوں کو جمہوری قوتوں پر عسکریت پسندی کے الزامات عائد کرنا زیب نہیں دیتا۔ مولانا فضل الرحمان کا مرنا جینا پاکستان کے ساتھ ہے اور انہیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ ان کی پاکستان سے وفاداری سیاسی بیانات سے نہیں بلکہ جدوجہد اور قربانیوں سے ثابت ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے مسلم لیگ (ن) سے سوال کیا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد ملک میں سیاسی جدوجہد کرنے کے بجائے لندن اور جدہ کا رخ کیوں کیا جاتا ہے؟ اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان کبھی سیاسی مشکلات کے دوران ملک سے فرار نہیں ہوئے اور ان کا دامن حدیبیہ پیپر ملز اور ایون فیلڈ جیسے معاملات سے پاک ہے۔

Related posts

کراچی میں گیس سلنڈر دھماکا، گھر کا ایک حصہ منہدم، 5 افراد زخمی

یمن اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ، میزائل حملوں اور فضائی کارروائیوں کے دعوے، مال بردار جہاز بھی ہائی جیک

امریکی حملے دوبارہ شروع ہوئے تو ایران کے پاس مزید سرپرائزز موجود ہیں، تہران کی واشنگٹن کو وارننگ