قاہرہ (پاک ٹوڈے): مصر میں نوجوانوں کو بوسہ دینے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد برازیل سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر مالیوولا ایلویس کو ایک ساتھی خاتون سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مصری حکام کے مطابق دونوں غیر ملکی خواتین کو اسکندریہ سے حراست میں لیا گیا۔ ان پر عوامی مقامات پر مبینہ نامناسب حرکات کرنے، راہ گیروں کو ہراساں کرنے اور سوشل میڈیا پر زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لیے متنازع ویڈیوز بنانے کے الزامات ہیں۔
مصری وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیوز میں دونوں خواتین کو مبینہ طور پر عوامی مقامات پر جنسی نوعیت کے اشارے کرتے اور راہ گیروں کو ہراساں کرتے دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق تفتیش کے دوران خواتین نے ویڈیوز بنانے اور زیادہ سے زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لیے انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کا اعتراف کیا۔
برازیلی میڈیا کے مطابق گرفتار خاتون کی شناخت 22 سالہ ماریانا ایلویس گیڈیلا پریرا کے نام سے ہوئی ہے، جو سوشل میڈیا پر مالیوولا ایلویس کے نام سے مشہور ہیں اور ٹک ٹاک پر ان کے تقریباً 9 لاکھ فالوورز ہیں۔ ان کے وکیل نے بتایا کہ قانونی ٹیم قاہرہ میں برازیل کے سفارت خانے اور مصری حکام سے رابطے میں ہے تاکہ دونوں خواتین کی سلامتی اور قانونی حقوق کو یقینی بنایا جا سکے۔
مصری حکام نے قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے معاملہ پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا ہے۔ تاہم، خواتین کے خلاف باضابطہ الزامات اور عدالتی کارروائی کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔