مردان (پاک ٹوڈے): مردان پولیس کے انسپکٹر گلزار خان لاپتہ ہوگئے، جن کی گاڑی مردان رنگ روڈ پر محب بانڈہ کے قریب ایک کنکریٹ فیکٹری کے پاس کھڑی ملی ہے، تاہم انسپکٹر گلزار خان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
پولیس کے مطابق انسپکٹر گلزار خان کی گمشدگی کی تصدیق کے بعد ان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ واقعے کے بعد ان سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کے موبائل فون نمبرز بند مل رہے ہیں۔
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور انسپکٹر گلزار خان کی موجودگی کا پتا لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
تاحال ان کی گمشدگی کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں اور نہ ہی کسی مبینہ اغوا کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انسپکٹر گلزار خان کی بحفاظت بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔