محمود اچکزئی کا حکومت کو انتباہ، ’’آپ فرعون سے طاقتور نہیں، وہ بھی ہار گیا تھا‘‘

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو گالیوں اور طاقت کے زور پر نہیں چلایا جا سکتا، حکومت کو پارلیمان کو طاقت کا سرچشمہ بنانا ہوگا۔

محمود اچکزئی نے خواجہ آصف، پیپلز پارٹی اور دیگر ارکان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمان کو مضبوط بنائیں، اپوزیشن اس مقصد کے لیے ان کا ساتھ دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کو مزید تقسیم کرنے کے بجائے سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غربت، بے روزگاری اور تعلیمی مسائل سنگین ہیں۔ ان کے مطابق لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ عام شہریوں کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے حکومت سے کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنانے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر سیاسی مکالمے کا راستہ اختیار کیا جائے۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تاریخی تعلقات رہے ہیں اور طالبان کے ساتھ معاملات صرف چیخ و پکار اور گالیوں سے حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ایران کی صورتحال پر بھی پارلیمان کو اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنی تقریر کے اختتام پر محمود اچکزئی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا چاہیے، کیونکہ کوئی بھی فریق خود کو مکمل طور پر درست اور دوسرے کو مکمل طور پر غلط نہ سمجھے۔

Related posts

محسن نقوی کا مولانا فضل الرحمان کو جواب، ’’اب آپ کو ریاست میں نوکری نہیں ملے گی‘‘

غزہ میں صحافیوں کو منظم انداز میں نشانہ بنانے، فرانسسکا البانیز نے اسے ’میڈیاسائیڈ‘ قرار دے دیا

بلوچستان کا گرین بیلٹ زرعی بحران کی زد میں، اوستہ محمد میں لاکھوں من دھان کی فروخت متاثر