اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں ریاست میں نوکری نہیں ملے گی۔ انہوں نے مولانا کے بیانات کو ریاست مخالف قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار بھی کیا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی بہت عزت کرتے تھے، لیکن ریاست مخالف باتوں کے بعد ان کے دل میں مولانا کے لیے کوئی عزت باقی نہیں رہی۔
وزیر داخلہ نے مولانا فضل الرحمان کا نام لیے بغیر کہا کہ اب آپ کو ریاست میں نوکری نہیں ملے گی۔ ان کا یہ بیان مولانا کے حالیہ بیانات پر تنقید کے تناظر میں سامنے آیا۔
محسن نقوی نے اپنے ایران کے دورے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے سے ان کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنے گئے تھے، حالانکہ ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق وہ موجودہ بحران کے حل کے سلسلے میں ایران گئے تھے۔