موغادیشو (پاک ٹوڈے): متحدہ عرب امارات نے شمالی صومالیہ کے نیم خودمختار علاقے پنٹ لینڈ میں تقریباً ایک سال کے وقفے کے بعد ڈرون حملہ کیا ہے، جس میں شدت پسند تنظیم الشباب کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سکیورٹی حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ یہ حملہ منگل کو پنٹ لینڈ کے علاقے المدو کے پہاڑی سلسلے میں واقع گالگالا کے پہاڑی درے میں کیا گیا۔
حکام کے مطابق نومبر 2025 کے بعد یہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے خطے میں پہلا رپورٹ شدہ ڈرون حملہ ہے۔ تاہم حملے میں جانی نقصان اور دیگر نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
صومالیہ گزشتہ دو دہائیوں سے شدت پسند تنظیم الشباب کی مسلح بغاوت کا سامنا کر رہا ہے۔ تنظیم کے جنگجو ملک کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں، جبکہ پنٹ لینڈ کے پہاڑی علاقوں میں بھی ان کے ٹھکانے موجود ہیں۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صومالیہ میں سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے اور وفاقی حکومت کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات بھی تناؤ کا شکار ہیں۔ صومالی حکومت نے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔