پشاور (پاک ٹوڈے): سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق لکی مروت کے علاقے ایف آر میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل کا تعلق گل بہادر گروپ سے تھا اور وہ کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں خودکش بارود سے بھری گاڑی کی رہنمائی بھی زاہد گل نے کی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل دہشت گردی کے متعدد دیگر سنگین واقعات میں بھی سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ اس کے علاوہ وہ بلی تنگ بینک ڈکیتی میں بھی ملوث تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ڈکیتی میں لوٹی گئی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں بنوں کی دہشت گرد تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق زاہد گل گل بہادر گروپ کے ساتھ قریبی رابطے میں تھا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
