لاہور (پاک ٹوڈے): صوبائی دارالحکومت لاہور میں رہائش دینے کا جھانسہ دے کر نشہ آور غذا کے ذریعے میاں بیوی کو بے ہوش کرنے اور خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا ڈراؤنا واقعہ سامنے آیا ہے۔ سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، شہری عامر اپنی اہلیہ کے ہمراہ عارضی رہائش کی تلاش میں ملزم سلمان کے پاس پہنچا تھا۔ ملزم نے ہمدردی کا سوانگ رچاتے ہوئے متاثرہ فیملی کو اپنے فلیٹ پر آنے اور ساتھ کھانا کھانے کی دعوت دی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان نے کھانے میں کوئی نشہ آور شے ملا رکھی تھی، جسے کھاتے ہی میاں بیوی دونوں بے ہوش ہو گئے۔ اس حالت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم سلمان نے اپنے ساتھی جاوید کے ساتھ مل کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
واقعے کے فوراً بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ سول لائنز پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر بروقت مقدمہ درج کر کے چھاپہ مار کارروائی کی اور دونوں ملزمان سلمان اور جاوید کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی و تفتیشی مراحل کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔