لندن (پاک ٹوڈے): انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جہاں کھانے کے وقفے کے دوران انگلش براڈکاسٹر نے سابق وزیراعظم و کپتان عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کر دیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع اور غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ سنسنی خیز انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے لیا تھا، جس میں عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان نے اپنے والد کی جیل میں صحت اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔ اس سیاسی نوعیت کی نشریات پر پی سی بی نے شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے انگلش کرکٹ بورڈ اور اسکائی اسپورٹس کے سامنے باضابطہ اور سخت احتجاج درج کرایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے اس انٹرویو کے خلاف احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو میدان میں نہ اتارنے اور میچ کا بائیکاٹ کرنے کے آپشن پر بھی انتہائی سنجیدگی سے غور کیا تھا۔