باجوڑ (پاک ٹوڈے): ضلع باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خوڑ میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں دو معصوم اسکول کے بچے زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈمہ ڈولہ نمبر 2 اسکول کے طالب علم، 8 سالہ ابوذر ولد ضیاء الرحمن اور 9 سالہ جراہ ولد سراج الدین (ساکنان ڈمہ ڈولہ) علاقے سے گزر رہے تھے۔ دھماکے کے فوراً بعد دونوں زخمی بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال ذرائع اور مقامی حکام کے مطابق دونوں بچوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت بالکل خطرے سے باہر ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بم دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے اور تحقیقات کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔