متحدہ عرب امارات (پاک ٹوڈے): اسرائیلی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 نے دوران پرواز ہنگامی صورتحال کا سگنل جاری کیا اور بعد ازاں اپنا رخ سعودی عرب کی جانب موڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارے نے پہلے جنرل ایمرجنسی کوڈ 7700 جاری کیا، جس کے بعد 7500 کوڈ بھی بھیجا گیا۔ ہوا بازی میں 7500 کوڈ عموماً طیارے میں غیر قانونی مداخلت یا ممکنہ اغوا کی صورتحال کی نشاندہی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ کچھ دیر بعد طیارہ دوبارہ 7700 کوڈ پر آگیا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق طیارے میں پیش آنے والے واقعے کی نوعیت کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔ بی بی سی عربی کے مطابق طیارہ اردن کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اسرائیل جانے کے بجائے سعودی عرب کی سمت مڑ گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے آنے والی پرواز کے اچانک رخ بدلنے کا واقعہ بظاہر طیارے کے اغوا سے متعلق نہیں ہے۔ روئٹرز کے مطابق اسرائیلی حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے اور ہنگامی سگنل جاری ہونے کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے احتیاطی طور پر 2 جنگی طیارے روانہ کیے۔
اسرائیلی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے اغوا کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی اور پرواز کا رخ تبدیل کرنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔