اسٹراسبرگ (پاک ٹوڈے): فرانس کے تاریخی شہر اسٹراسبرگ میں زیرِ تعمیر ایوب سلطان مسجد (Eyyub Sultan Mosque) اور اس کا عظیم الشان کمپلیکس تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، جسے یورپ کے بڑے اسلامی اور ثقافتی مراکز میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اسلامی فنِ تعمیر کے حسین امتزاج سے تیار کی جانے والی یہ مسجد نہ صرف خطے کی سب سے نمایاں عبادت گاہوں میں شمار ہوگی، بلکہ اس کے ساتھ قائم کمپلیکس میں مقامی مسلم کمیونٹی کے لیے مذہبی، تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کا وسیع نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد یورپی مسلماںوں کو ایک ایسا جامع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی مذہبی ضروریات کے ساتھ تعلیمی و سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے سکیں۔
واضح رہے کہ اسٹراسبرگ یورپ کے اہم ترین شہروں میں گنا جاتا ہے، جہاں یورپی پارلیمنٹ سمیت متعدد اہم عالمی اور یورپی ادارے موجود ہیں۔ ایسے اہم شہر میں ایوب سلطان مسجد کا قیام اور اس کی وسیع عمارت یورپ بھر میں مسلماںوں کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کو ظاہر کرتی ہے۔