غزہ (پاک ٹوڈے) غزہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بین الاقوامی طبی امدادی تنظیم ’ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز‘ (ایم ایس ایف) کے دو کارکن جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دونوں کارکن کلینک میں سکیورٹی گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ ادارے کے مطابق اس حملے کے بعد غزہ میں ہلاک ہونے والے اس کے کارکنوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی ہے۔
ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے کہا کہ کلینک پر تنظیم کا لوگو واضح طور پر موجود تھا اور اس کے مقام اور جغرافیائی تفصیلات سے اسرائیلی فوج کو پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا۔ تنظیم نے واقعے کو اپنے عملے پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں مارے گئے دونوں افراد حماس سے تعلق رکھتے تھے اور اس کا کہنا ہے کہ کسی اسپتال یا طبی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
