لندن (پاک ٹوڈے): بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیٹوں، قاسم خان اور سلیمان خان نے حکومتِ پاکستان کو چیلنج دیا ہے کہ اگر ان کے والد جیل میں مکمل تندرست ہیں تو ان کا آزادانہ طبی معائنہ کروا کر تصدیق فراہم کی جائے۔
ایک آن لائن پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دونوں بھائیوں نے عمران خان کے بلڈ پریشر، پریشانی اور طویل قیدِ تنہائی کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے والد کی رہائی اور مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مغربی ممالک کے دارالحکومتوں، ارکانِ پارلیمنٹ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ قائم کر رہے ہیں۔
سلیمان اور قاسم خان کے مطابق ان کی اپنے والد سے آخری بالمشافہ ملاقات نومبر 2022 میں ہوئی تھی، جبکہ آخری ٹیلی فونک رابطہ مارچ 2026 میں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر وہ پاکستان نہیں آ پا رہے، تاہم وہ اپنے والد کے بنیادی حقوق اور صحتیابی کے لیے ہر ممکن عالمی کوششیں جاری رکھیں گے۔