اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بلڈ پریشر کے علاج کے لیے لندن سے ماہر ڈاکٹر کو اڈیالہ جیل بلایا گیا تھا، جبکہ ان کی دوا تبدیل کیے جانے کے بعد بلڈ پریشر کنٹرول میں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے اہل خانہ کو ان کے علاج سے متعلق علم تھا اور صحت کے حوالے سے کوئی بات نہیں چھپائی جا رہی۔ ان کے مطابق عمران خان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور علاج کے بعد ان کا بلڈ پریشر نارمل اور بہتر سطح پر آگیا۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے علاج کے لیے ایسے ڈاکٹر کا انتخاب کیا گیا جو برطانیہ اور پاکستان دونوں جگہ پریکٹس کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ بھی اس ڈاکٹر سے مطمئن ہیں۔
جیو نیوز کے نمائندے شبیر ڈار کے مطابق عمران خان کے علاج کے لیے لندن سے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کو اڈیالہ جیل بلایا گیا تھا۔
اس معاملے پر پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے پہلے کہا تھا کہ مذاکرات کے دوران بتایا گیا کہ عمران خان کا بلڈ پریشر ٹھیک نہیں ہو رہا تھا، جس کے بعد لندن سے ماہر ڈاکٹر کو بلایا گیا۔ تاہم وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اسے افواہ قرار دیا، جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے ڈاکٹر کو بلائے جانے کی تصدیق کی تھی۔
