ملتان (پاک ٹوڈے): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس بات پر ریفرنڈم کرا لیا جائے کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے آئینی طریقہ کار اور اتفاقِ رائے سے بنائے جائیں، اس کے لیے ریفرنڈم کی ضرورت نہیں۔
ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی تقریر میں استعمال ہونے والی اصطلاح ’’برُوٹ میجورٹی‘‘ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور متنازع بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث نہیں اور نہ ہی کسی کو گالیاں دے رہے ہیں، تاہم اوچھے ہتھکنڈوں سے انہیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کا نظام کیوں اور کیسے ناکام ہوا، اس کی وجوہات سامنے لانا ضروری ہیں۔ جب تک نظام کے مسائل کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہوں گی، اسے دوبارہ مؤثر بنانے میں مشکلات پیش آئیں گی۔ ان کے بقول موجودہ حالات میں ایک جمہوری انداز میں ری سیٹ یا ری بوٹ کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر پارلیمان کو فعال بنانا ہے تو تمام اہم فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہییں۔ سیاست دانوں کا کام عوام سے سچ بولنا اور زمینی حقائق سامنے لانا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ معاشی بحران میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نئے صوبوں کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سرائیکی صوبہ پارلیمان میں اتفاقِ رائے سے بنایا جا سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کو سندھ کی تقسیم سے جوڑنا اتفاقِ رائے کے عمل کو متنازع بنانے کی کوشش ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کو مطمئن رکھنے کے لیے صوبوں سے مالی سرپلس میں حصہ لیتی ہے، جس میں پنجاب کا حصہ 900 ارب روپے سے بھی زیادہ بتایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق یہ رقم جنوبی پنجاب پر خرچ ہونی چاہیے، تاہم وہاں اس کا مناسب استعمال نہیں ہو رہا۔
بلاول بھٹو نے کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے، مزدوروں کو محنت کا صلہ نہ ملنے اور نوجوانوں کو ڈگریوں کے باوجود روزگار کی عدم دستیابی کو عوام کے بنیادی مسائل قرار دیا۔ انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بنے اور عدالتی اصلاحات سے متعلق امور پر بھی عملی کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ ان سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں اور وہ کوئی فرشتہ نہیں، تاہم اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے کی جدوجہد میں قائداعظم نے ہتھیار نہیں اٹھائے اور پیپلز پارٹی بھی سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔