لاہور (پاک ٹوڈے): وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی وزیراعظم شہباز شریف عوام کو اس کا فائدہ منتقل کریں گے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا عزم ہے کہ ایسے فیصلے کیے جائیں جو پاکستان کی عزت میں اضافہ کریں، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی اس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 114 ڈالر ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت بھی 114 ڈالر سے بڑھ کر 160 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر کمی کی، جبکہ 60 لاکھ سے زائد افراد نے اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں رجسٹرڈ کرائی ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً 60 لاکھ افراد کے پاس 20 سال پرانی موٹر سائیکلیں ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر موجودہ نظام کو 10 ماہ تک جاری رکھنا پڑا تو حکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے کم کرکے عوام پر خرچ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور حکومت وہ اقدامات نہیں کرے گی جو 2022 میں سابق حکومت نے کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر نہ کوئی وجود ہے اور نہ سیاست۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کرکے کسی کو آزاد کرایا جاسکتا ہے تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں اپنے اپنے مورچوں پر ذمہ داریاں ادا کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے گھروں میں جانا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ موجودہ لاپروائی سے ریاست کو کوئی خطرہ لاحق نہ ہوجائے اور کہا کہ اس وقت باہمی سیاسی لڑائیوں میں الجھنا مناسب نہیں۔