شاہین آفریدی | پشاور
عمان کے المسرت کرکٹ گراؤنڈ میں انڈر 19 ایشیا کپ 2026 کا فائنل کسی سنسنی خیز فلم سے کم نہ تھا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز کا بڑا مجموعہ بنایا، بھارت کی 8 وکٹیں بھی حاصل کرلیں اور ایک مرحلے پر فتح تقریباً یقینی دکھائی دینے لگی، لیکن آخری دو بھارتی بیٹرز نے پاکستان کے ہاتھوں سے جیت چھین لی۔ بھارت نے آخری گیند پر چوکا لگا کر ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی اور پاکستان ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ عثمان خان اور حیان خان نے 62 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم حیان خان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد عثمان خان اور عبدالقادر نے بھارتی باؤلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کی۔
عثمان خان نے 111 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہ ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری تھی۔ دوسری جانب عبدالقادر نے محض 54 گیندوں پر 8 چھکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر بھارتی باؤلنگ کو دباؤ میں رکھا۔ کپتان فرحان یوسف نے بھی 60 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر اسکور کو مزید مستحکم کیا۔
ایک مرحلے پر پاکستان 30 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنا چکا تھا اور 350 سے زائد رنز کا مجموعہ بنتا دکھائی دے رہا تھا، لیکن آخری 10 اوورز میں بھارتی باؤلرز نے زبردست واپسی کی۔ پاکستان نے اس دوران 6 وکٹیں گنوا کر صرف 63 رنز بنائے۔ کاویا پٹیل نے 4 جبکہ چگورپتی وینکٹا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ یوں پاکستان ایک بڑے مجموعے کے باوجود 350 رنز کا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔
338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے بھی جارحانہ انداز اپنایا۔ اوپنرز نے 95 رنز کی شراکت قائم کی۔ آریاویر سہواگ نے 61 گیندوں پر 58 جبکہ کپتان لکشیہ راج چندانی نے 101 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔
پاکستانی باؤلرز نے درمیانی اوورز میں میچ کا نقشہ بدل دیا اور بھارتی بیٹنگ لائن کو یکے بعد دیگرے نقصان پہنچایا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب بھارت 252 رنز پر 8 وکٹیں گنوا چکا تھا اور پاکستان کی فتح یقینی دکھائی دے رہی تھی، لیکن یہی وہ مرحلہ تھا جہاں مقابلے نے غیر متوقع رخ اختیار کیا۔
منال چوہان نے 32 گیندوں پر 47 رنز کی اہم اننگز کھیل کر نویں وکٹ کے لیے 57 رنز جوڑے اور بھارت کو مقابلے میں واپس لے آئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو آخری وکٹ درکار تھی، لیکن موہت اولوا اور چگورپتی وینکٹا دیوار بن کر کھڑے ہوگئے۔
بھارت کو آخری 16 گیندوں پر 29 رنز درکار تھے۔ دونوں بیٹرز نے دباؤ کے باوجود ناقابل شکست 30 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ آخری اوور میں بھارت کو 8 رنز چاہیے تھے۔ احمد حسین نے آخری گیند کرائی تو موہت اولوا نے چوکا لگا کر بھارت کو 339 رنز تک پہنچا دیا اور اپنی ٹیم کو ایک وکٹ سے تاریخی کامیابی دلوا دی۔
موہت اولوا 26 گیندوں پر 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور انہیں فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ آریاویر سہواگ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 3 اور نقاب شفیق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے لیے یہ شکست اس لیے بھی زیادہ مایوس کن رہی کہ ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرتی آئی تھی۔ گرین شرٹس نے گروپ مرحلے کے تینوں میچ جیتے، جن میں بھارت کے خلاف کامیابی بھی شامل تھی، جبکہ سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
تاہم فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان کی دو بڑی کمزوریاں سامنے آئیں۔ پہلی یہ کہ آخری 10 اوورز میں بیٹنگ کی رفتار برقرار نہ رہ سکی اور دوسری یہ کہ باؤلرز آخری بھارتی جوڑی کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔ خاص طور پر آخری اوور میں 8 رنز کا دفاع نہ کر پانا شکست کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔
یوں جس فائنل میں پاکستان نے بڑے اسکور اور مسلسل وکٹیں حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرنے کی مضبوط بنیاد رکھی تھی، وہیں آخری وکٹ پر بھارتی مزاحمت نے سارا منظر بدل دیا۔ پاکستان ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکا، لیکن عثمان خان کی سنچری، عبدالقادر کی جارحانہ بیٹنگ اور پورے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی مستقبل کے لیے امید افزا ضرور ہے۔ اس فائنل نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ کرکٹ میں فتح کا فیصلہ آخری گیند تک ہوتا ہے، اور بعض اوقات ایک وکٹ اور چند رنز پورے ٹورنامنٹ کی کہانی بدل دیتے ہیں۔