اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ صومالیہ کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر ’ایم ٹی آنر 25‘ کو مسلح قزاقوں سے چھڑانے کی کارروائی کے دوران 3 پاکستانی شہری ہلاک ہوئے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے نام سے ہوئی ہے۔
وزارت کے مطابق جہاز کا کنٹرول واپس لینے کی کوشش کے دوران عملے کے 4 ارکان زخمی بھی ہوئے، جن میں 3 پاکستانی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ایم ٹی آنر 25 کے دیگر محفوظ رہنے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا منتقل کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل صومالیہ کے نیم خودمختار علاقے پُنٹ لینڈ کے نائب وزیر اطلاعات بلی قابوسادے نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ مقامی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آئل ٹینکر کا کنٹرول واپس لیے جانے سے قبل قزاقوں نے عملے کے 5 ارکان کو ہلاک کردیا تھا۔
ان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور ایک میانمار کا شہری شامل تھا، جبکہ 4 دیگر ارکان زخمی ہوئے جن میں 3 پاکستانی اور ایک بھارتی شہری شامل ہیں۔
ایم ٹی آنر 25 تقریباً 18,500 بیرل تیل لے کر صومالی دارالحکومت موغادیشو جا رہا تھا کہ اپریل 2026 میں صومالیہ کے ساحل کے قریب سفر کے دوران مسلح قزاقوں نے جہاز پر قبضہ کرلیا تھا۔