صوابی (پاک ٹوڈے): خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ایک ہی خاندان کے باپ اور 2 بیٹوں سمیت 5 افراد ڈوب گئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان لقمان خان کے مطابق یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک نوجوان نہاتے ہوئے پانی کے تیز بہاؤ میں ڈوبنے لگا۔ اسے بچانے کے لیے اس کے والد نے دریا میں چھلانگ لگائی تاہم وہ بھی ڈوبنے لگے، جس کے بعد دوسرے بیٹے نے اپنے والد اور بھائی کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی پانی کی نذر ہو گیا۔ اس دوران ان کے ساتھ موجود دیگر دو افراد بھی بچاؤ کی کوشش میں ڈوب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور دریا میں ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔