صدر ٹرمپ کی روس پابندیوں کے نئے قانون کی منظوری: چین اور بھارت پر 100 فیصد ٹیرف عائد ہونے کا امکان

واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور ایران سے متعلق پابندیوں کے ایک نئے موثر قانون پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت روسی توانائی کے بڑے خریدار ممالک، بالخصوص چین اور بھارت پر 100 فیصد تک اضافی ٹیرف عائد کرنے کا قانونی اختیار امریکی انتظامیہ کو حاصل ہو گیا ہے۔

​عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس نئے قانون کے تحت امریکی انتظامیہ کو یہ اختیار مل گیا ہے کہ وہ مخصوص شرائط کے تحت روسی تیل اور گیس کے خریدار ممالک سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 30 دن کے اندر اندر 100 فیصد تک اضافی ٹیرف نافذ کر سکتی ہے۔

​تاہم واضح رہے کہ فی الوقت چین اور بھارت کی برآمدات پر 100 فیصد ٹیرف فوری طور پر نافذ نہیں کیا گیا۔ یہ قانون بنیادی طور پر امریکی صدر کو ایک قانونی اختیار اور صوابدید فراہم کرتا ہے جس کا استعمال حالات کے مطابق کیا جا سکتا ہے۔

​معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ٹرمپ انتظامیہ نے اس اختیار کو استعمال کرتے ہوئے 100 فیصد ٹیرف نافذ کیا تو چین اور بھارت، جو اس وقت روسی خام تیل کے سب سے بڑے خریداروں میں شامل ہیں، شدید معاشی و تجارتی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس اقدام کو عالمی توانائی مارکیٹ اور تجارتی تعلقات میں ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Related posts

عوام پر ایک اور بوجھ: پیٹرولیم کے بعد بجلی کی قیمت میں 1.73 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان

پاکستان سے بیرون ملک جانے والی 41 پروازیں منسوخ، 30 تاخیر کا شکار

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان