اسلام آباد (پاک ٹوڈے): گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صدر مملکت اور وزیراعظم جب بھی صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ کریں گے، صوبہ اس فیصلے کو لاگو کرے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے آئین اور قانون کو نہیں مانتے، ان کے ساتھ مذاکرات کی بات کی جاتی ہے، جبکہ ان کے بقول جب دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آتا ہے تو یہی لوگ ملک دشمنی کرتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اٹک سے آگے نہیں جا سکتا اور اس کے پاس 20 لاکھ افراد کا مجمع موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ چار فرنچائزز پر مشتمل ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا برا حال کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سابق وزیراعلیٰ نے خود کہا کہ وہ بھتہ دیتے ہیں، جبکہ موجودہ وزیراعلیٰ کا صوبے پر کنٹرول نہیں اور وہ مراد سعید کے اشاروں پر چلتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم جب بھی گورنر راج کے نفاذ کا فیصلہ کریں گے، صوبائی حکومت اس فیصلے کو لاگو کرے گی۔