پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے موجودہ پارلیمنٹ تحلیل کرکے ملک میں نئے اور صاف و شفاف انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اب بہت ہوچکا، ملک میں مزید خون خرابے کی باتیں نہیں ہونی چاہئیں۔ بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات کے بعد موجودہ پارلیمنٹ کے برقرار رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا، لہٰذا حکومت فوری طور پر مستعفی ہو اور ملک میں شفاف انتخابات کرائے جائیں۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی نئی لڑائی کا حصہ نہیں بنے گی، تاہم موجودہ سیاسی حالات میں پارٹی سیاسی میدان میں اپنی جگہ بنانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی اور حکومتی وزرا کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ انہیں ایک تماشے کی طرح دکھائی دے رہا ہے اور فی الحال وہ اس صورت حال کا جائزہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو نقصان نہیں ہوگا بلکہ چھوٹے انتظامی یونٹس بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے نواز شریف کی سیاسی معاملات میں حالیہ مداخلت پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ نواز شریف نے کافی تاخیر سے سیاسی میدان میں قدم رکھا ہے، تاہم اب حالات بہت بدل چکے ہیں۔ ان کے بقول مہنگائی، بے روزگاری اور قرضوں میں تاریخی اضافے کی ذمہ داری مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
