اسلام آباد (پاک ٹوڈے): انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے سیاسی اپوزیشن سے متعلق ریاستی رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی اختلافِ رائے سے نمٹنے کے لیے پیشگی گرفتاریوں اور انتظامی پابندیوں کا استعمال بند کیا جائے۔
کمیشن نے اپنے بیان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی نقل و حرکت اور سیاسی سرگرمیوں پر عائد پابندیوں کے ساتھ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سیل کیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ایچ آر سی پی کے مطابق حزب اختلاف کے رہنماؤں کو حراست میں رکھنے کے لیے مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس اور دیگر انتظامی اختیارات کا استعمال آئینی آزادیوں اور قانونی تقاضوں سے متصادم دکھائی دیتا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر سینئر سیاست دانوں کے وقار اور اظہارِ رائے کے حق کو اس انداز میں محدود کیا جا سکتا ہے تو اس کے عام شہریوں کے حقوق پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
بیان میں سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا سمیت پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کی گرفتاریوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق ان رہنماؤں کو 9 مئی سے متعلق مقدمے میں پشاور ہائی کورٹ سے عبوری قبل از گرفتاری ضمانت ملنے کے باوجود حراست میں لیا گیا۔
ایچ آر سی پی نے ان اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ تیمور جھگڑا کو بعد ازاں ایک پولیس تھانے سے لے جایا گیا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔
کمیشن نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی حراست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ایک حراستی حکم غیر قانونی قرار دیے جانے کے باوجود انہیں مختلف صوبوں میں مسلسل ایم پی او احکامات کا سامنا کرنا پڑا۔
بیان کے مطابق حال ہی میں پشاور میں ایک 16 سالہ لڑکے کو بھی مبینہ طور پر ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا۔
ایچ آر سی پی نے ریاست پر زور دیا ہے کہ سیاسی اختلافِ رائے کو دبانے کے لیے پیشگی حراست اور انتظامی پابندیوں کے استعمال کا سلسلہ ختم کیا جائے اور آئینی حقوق و قانونی تقاضوں کا احترام یقینی بنایا جائے۔
