پشاور (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اطلاعات شفیع جان نے سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی اور جنید اکبر کی مبینہ گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موجودگی اور سلامتی فوری طور پر واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کی مبینہ گمشدگی پر خاموشی ناقابلِ قبول ہے اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے فوری وضاحت دینی چاہیے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو عوامی مینڈیٹ اور جمہوری حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ کسی کی جاگیر نہیں بلکہ یہاں کے عوام کا ہے۔
شفیع جان نے الزام عائد کیا کہ موجودہ اقدامات کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ نہیں بلکہ تحریک انصاف کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے مراد سعید کے گھر پر چھاپے یا کارروائی سے متعلق اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر رہنماؤں یا ان کے اہلِ خانہ کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے منتخب نمائندوں، پارٹی کارکنوں اور ڈاکٹروں کی گمشدگی سے متعلق اطلاعات پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے ان کی موجودگی اور سلامتی کے بارے میں فوری وضاحت کا مطالبہ کیا۔