سعودی عرب کے 2 ایئرپورٹس پر میزائل اور ڈرون حملے، 3 افراد زخمی

دبئی (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے دو بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایئرپورٹس کو معمولی نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی حکام نے بتایا کہ جازان اور نجران کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر پیر کی شام الگ الگ حملے کیے گئے۔ سعودی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ دونوں ہوائی اڈوں پر شہری ہوابازی کے نظام کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے بھی یمنی حکومتی فورسز کی حمایت میں فضائی کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی کارروائیوں کے جواب میں میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جن میں ہوائی اڈوں کے علاوہ تیل کی تنصیبات اور فوجی مقامات کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق دونوں ایئرپورٹس کی صورتحال اور نقصانات کا جائزہ جاری ہے، جبکہ مسافروں اور عملے کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات برقرار رکھے گئے ہیں۔

سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی سے یمن کی جنگ کے ساتھ خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

Related posts

پشاور ہائیکورٹ کا لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر عبوری ریلیف دینے سے انکار

وزیراعظم کی پی ٹی آئی کو لانگ مارچ ختم کرنے کی اپیل، مذاکرات کی پیشکش

پنجاب میں ممکنہ دہشت گردی کے پیشِ نظر 10 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ