پشاور (پاک ٹوڈے): پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر فوری عبوری ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران جسٹس صاحبزاہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو سنے بغیر عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کو درخواست گزاروں کے حلقوں سے گزرنے کی اجازت دی جائے اور کہا کہ وہ قانون کے مطابق مارچ کا خیرمقدم کریں گے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ لانگ مارچ کے راستے میں ممکنہ رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، کیونکہ مارچ پہلے ہی جاری ہے اور کل تک انتظار کی گنجائش نہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے بتایا کہ لانگ مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم پہلے ہی آچکا ہے۔ انہوں نے عدالت سے تیاری کے لیے وقت مانگتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔