ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے القصیم ریجن میں سنگین جرائم میں ملوث پاکستانی شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی شہری دہشتگردانہ نظریات سے متاثر تھا اور اس پر ایک غیر ملکی شہری کو قتل کرنے، غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے اور مزید افراد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
وزارت داخلہ کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد مقدمہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالتی کارروائی کے دوران ملزم کے خلاف عائد جرائم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی۔
سعودی حکام کے مطابق عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے بعد گزشتہ روز پاکستانی شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ریاست میں سنگین جرائم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے اور جرائم میں ملوث افراد کو عدالتی عمل مکمل ہونے کے بعد مقررہ سزائیں دی جاتی ہیں۔