کوئٹہ (پاک ٹوڈے): کوئٹہ کمشنر زیشان لشاری نے افغان مہاجرین کی افغانستان واپسی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
کمشنر زیشان لشاری کی زیر صدارت اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں مقیم تقریباً 8 لاکھ افغان مہاجرین افغانستان واپس جاچکے ہیں، جبکہ 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر بھی واپس گئے ہیں۔
حکام کے مطابق کوئٹہ میں اب بھی تقریباً 23 ہزار افغان مہاجرین موجود ہیں، جن کی افغانستان واپسی کے لیے متعلقہ محکمے اقدامات کررہے ہیں۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ان افغان مہاجرین سے متعلق محکمہ داخلہ سے ہدایات حاصل کی جائیں گی جو افغانستان واپس جانے کے بعد دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کریں۔
کمشنر زیشان لشاری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے باہمی رابطہ مزید مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان واپس جانے کے بعد دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف قانون اور حکومتی پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے۔