راولپنڈی (پاک ٹوڈے): سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ سنگر ہاؤس میں چوری کی واردات کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سے قیمتی سامان غائب ہونے پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر سے ڈیکوریشن پیسز، ایئر کنڈیشنرز، قالین، گھاس کاٹنے والی مشین، کراکری اور دیگر اشیاء چوری ہوئی ہیں۔ واقعے کے بعد سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق واردات کے سلسلے میں ابتدائی طور پر دو گھریلو ملازمین کے نام سامنے آئے تھے، جو مبینہ طور پر گھر سے غائب تھے۔ صحافی نوید ستی کے مطابق گھریلو ملازم علی اکبر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس چوری ہونے والی اشیاء کی بازیابی اور واقعے میں مزید افراد کے ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے۔ چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت اور واردات کے تمام حقائق تاحال سامنے نہیں آئے۔
