ریاض (پاک ٹوڈے): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جمعرات کی رات دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سعودی مسلح افواج نے تصدیق کی ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرون تباہ کردیے ہیں۔
سعودی فوج کے مطابق حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت ریاض کی طرف داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کردیے، جبکہ ملک کے مغربی حصے میں ایک کروز میزائل بھی مار گرایا گیا۔ اس کے علاوہ جدہ بندرگاہ کے قریب ایک ڈرون کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔
ریاض میں دھماکوں کی آوازیں آدھی رات کے قریب سنائی دیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے صحافی اور مقامی رہائشیوں نے دھماکوں کی تصدیق کی۔ اس سے قبل سعودی حکام کی جانب سے فضائی حملے کے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا تھا، تاہم کچھ دیر بعد اسے واپس لے لیا گیا۔
دارالحکومت کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں رہنے والے شہریوں نے بھی دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ ایک مقامی رہائشی کے مطابق دھماکوں کے شدید جھٹکوں سے ان کے گھر کی کھڑکیاں لرز اٹھیں۔
سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ جدہ بندرگاہ کے قریب مار گرائے گئے ڈرون کا ملبہ گرنے سے کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حوثیوں نے بدھ کے روز دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کی اہم بندرگاہوں جدہ اور جازان کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر سعودی اتحاد کی کارروائیوں کے ردعمل میں کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دھمکی دی تھی کہ اگر سعودی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر حملے جاری رکھے تو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی تمام بندرگاہیں حوثی فورسز کا ہدف ہوں گی۔ انہوں نے بندرگاہوں پر کام کرنے والے ملازمین اور جہاز رانی کی کمپنیوں کو فوری انخلا کی ہدایت بھی کی تھی۔
دوسری جانب سعودی اتحاد نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ اس نے الحدیدہ بندرگاہ میں حوثیوں کی آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کارروائی سے قبل شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔ حوثیوں کے زیر انتظام میڈیا نے الحدیدہ بندرگاہ اور اس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملوں کی اطلاعات دی تھیں، تاہم جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔
سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان حالیہ کشیدگی میں ریاض کی اہم عمارتیں، ہوائی اڈے، تیل کی تنصیبات اور فوجی مقامات بھی نشانے پر رہے ہیں۔
حوثیوں نے ایک روز قبل ریاض کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع بلند ترین عمارت کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ سعودی حکام کے مطابق اس حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔ حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا تھا کہ کارروائی تین مراحل میں کی گئی اور میزائلوں نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔
نشانہ بننے والی عمارت سعودی عرب کے خودمختار دولت فنڈ (پی آئی ایف) کے زیر استعمال ہے، جو ملک کی معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر متنوع بنانے کے منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے۔ اس عمارت کو اس سے قبل بھی حملے کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
یمن میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت اور حوثیوں کے درمیان لڑائی بھی شدت اختیار کر رہی ہے۔ سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد یمنی حکومت کی حمایت میں حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کارروائیاں کررہا ہے، جبکہ حوثی فورسز جنوبی یمن میں سرکاری افواج کے خلاف پیش قدمی کے دعوے کررہی ہیں۔
یمنی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق حوثی فورسز جنوبی شہر عدن سے تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ چکی ہیں، جس کے پیش نظر سرکاری فوج نے شہر کے دفاع کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
ریاض میں حالیہ حملوں اور سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ قطر اور پاکستان نے بھی ریاض کی اہم عمارت پر حملے کی مذمت کی ہے اور وسیع تر علاقائی تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔