اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری سفری ہدایات کے مطابق موٹروے ایم ون کو رشکئی سے پشاور مین ٹول پلازہ تک دھند کے باعث بند کیا گیا ہے۔ اسی طرح ایم فور پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔
موٹروے ایم ٹو پر سالٹ رینج کے مقام پر شمالی سمت جانے والی پہلی لین بھی ایک ٹرک خراب ہونے کے باعث بند ہے، جس کے نتیجے میں اس حصے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق یہ اقدامات حدِ نگاہ کم ہونے اور حادثات کے خدشات کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کے اوقات میں روانہ ہوں۔ حکام کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت نسبتاً بہتر ہے، جب حدِ نگاہ میں بہتری آنے کا امکان ہوتا ہے۔
ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے، گاڑی کی رفتار کم رکھنے، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے اجتناب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
شہریوں کو سفر شروع کرنے سے پہلے موٹرویز کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے اور موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔