راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارشیں، نالہ لئی میں طغیانی، تعلیمی ادارے بند اور انخلاء کی ہدایات جاری

راولپنڈی / اسلام آباد (پاک ٹوڈے): جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

بارش کے بعد راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح خطرناک حد (20 فٹ) سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث ریسکیو 1122 کو الرٹ پر رکھتے ہوئے نالے کے اطراف تعینات کر دیا گیا ہے۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے متعدد نشیبی علاقے اور تجارتی مراکز جل تھل ہو گئے ہیں:
ماڈل راجہ بازار اور جامعہ مسجد روڈ پر 4 فٹ تک پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے پانی دکانوں میں داخل ہو کر تاجروں کے نقصان کا باعث بنا۔ اس کے علاوہ آریہ محلہ، ڈھوک کھبہ، مری روڈ، صادق آباد، شکریال اور شمس آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی۔
بلیو ایریا، جی سیون فور، آئی نائن اور آئی ٹین میں تیز بارش سے سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور این ڈی ایم اے (NDMA) نے مشترکہ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور برساتی نالوں کے قریب نہ جانے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

Related posts

عمران خان کو غیر انسانی قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، مراد سعید

ریاض ایئرپورٹ حملے میں جاں بحق باجوڑ کے نوجوان رضوان اللہ سپردِ خاک

شہباز شریف حکومت میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت بڑھی، مفتاح اسماعیل