ٹیکنالوجی (پاک ٹوڈے): دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی ‘شیلڈ اے آئی’ نے جنگی ہوابازی کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے بغیر پائلٹ کا جدید ترین جنگی طیارہ ‘ایکس بیٹ’ (X-BAT) تیار کر لیا ہے، جو بغیر رن وے کے افقی پرواز (Horizontal Take-off) بھرنے اور لینڈنگ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
اس جدید ڈرون طیارے کو پرواز کے لیے کسی روایتی رن وے یا ایئر بیس کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ یہ کسی بھی عام سڑک، میدان یا کھلی جگہ سے بھی اڑان بھر سکتا ہے۔ اس خصوصیت کے باعث جنگی میدان میں اس کی عملی افادیت اور حکمتِ عملی میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔
یہ طیارہ تقریباً 26 فٹ لمبا اور 39 فٹ چوڑا ہے، جس پر مختلف اقسام کے جدید ترین میزائل اور بم نصب کیے جا سکتے ہیں۔ ایک بار ایندھن بھرنے کے بعد یہ تقریباً دو ہزار میل (3200 کلومیٹر) تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ طیارے کو دشمن کے ریڈار کی نظروں سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اسٹیلتھ مواد سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس کا طاقتور انجن اسے تیز رفتار اور متعدد جنگی مشنز کے لیے انتہائی کارآمد بناتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایکس بیٹ نے تمام تجرباتی آزمائشیں کامیابی سے مکمل کر لی ہیں اور متوقع طور پر اگلے 6 سے 7 ماہ کے دوران اسے باقاعدہ امریکی فضائیہ کے سپرد کر دیا جائے گا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق رن وے کی پابندی سے آزاد یہ طیارہ مستقبل کی فضائی جنگی حکمتِ عملی کو یکسر بدل کر رکھ دے گا۔