خیبر میں رواں سال کا چھٹا پولیو کیس سامنے آگیا، 7 سالہ بچہ متاثر

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان میں رواں سال پولیو کا چھٹا کیس خیبر ڈسٹرکٹ سے رپورٹ ہوگیا۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو نے 5 اکتوبر 2026 کو کیس کی تصدیق کی ہے۔

پولیو سے متاثرہ بچہ 7 سالہ لڑکا ہے، جس کا تعلق خیبر ڈسٹرکٹ کی تحصیل جمرود کی یونین کونسل غنڈی اے سے بتایا گیا ہے۔

پاکستان پولیو خاتمہ پروگرام نے کیس کی جامع تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ متاثرہ اور ہائی رسک علاقوں میں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے اضافی اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات میں بڑی عمر کے بچوں کے لیے اورل اور انجیکٹ ایبل ویکسینیشن کیمپین کے ساتھ معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کے نظام کو مزید بہتر بنانا شامل ہے۔

رواں سال رپورٹ ہونے والے 6 پولیو کیسز میں سے 5 خیبرپختونخوا سے سامنے آئے ہیں، جن میں 4 کیسز جنوبی خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق جنوبی خیبرپختونخوا اور خیبر پشاور بلاک کے بعض علاقوں میں پولیو وائرس کی منتقلی اب بھی جاری ہے۔

پولیو ایک انتہائی متعدی بیماری ہے جو مستقل معذوری اور بعض صورتوں میں موت کا سبب بن سکتی ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے تحفظ ممکن ہے۔ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے رواں سال اب تک 4 ملک گیر مہمات چلائی جاچکی ہیں، جن کے دوران ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو متعدد مرتبہ ویکسین دی گئی۔

ہائی رسک علاقوں میں بچوں تک رسائی کے لیے خصوصی اورل اور انجیکٹ ایبل ویکسینیشن مہمات بھی جاری رہیں، جبکہ گزشتہ ماہ ہونے والی سب نیشنل مہم کے دوران ملک بھر میں 2 کروڑ 93 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔

پولیو پروگرام کے مطابق مؤثر ویکسینیشن کے نتیجے میں ملک میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم وائرس کی موجودگی والے علاقوں میں بچوں کی مسلسل ویکسینیشن اور نگرانی کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

Related posts

باجوڑ کے ماموند میں فائرنگ، چرواہا جاں بحق

افغانستان میں نیٹو کی موجودگی کسی صورت قابل قبول نہیں، روس

لانگ مارچ جاری رہے گا، پی ٹی آئی حکومت یا اسمبلیاں تحلیل نہیں کرے گی، بیرسٹر گوہر