خانیوال (پاک ٹوڈے): امریکی حکام نے خانیوال کے رہائشی 33 سالہ فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات فراہم کرنے پر ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کردیا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ فہیم اکرم کو خود گرفتار کرنے کی کوشش نہ کی جائے بلکہ اس کے بارے میں معلومات متعلقہ سکیورٹی اداروں کو فراہم کی جائیں۔
فہیم اکرم کے خلاف امریکی ریاست فلوریڈا میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق وہ آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہے اور اس نے مبینہ طور پر ’’لیبلز بینک ڈاٹ کام‘‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ قائم کی، جہاں امریکی صارفین کو ڈاک ٹکٹ اور شپنگ لیبلز فروخت کیے جاتے تھے۔
تحقیقات کے مطابق ویب سائٹ کے ذریعے 5 ہزار 200 سے زائد صارفین کو 50 لاکھ سے زیادہ جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ امریکی حکام کا الزام ہے کہ ان لیبلز کو ڈاک کی منزل، وزن اور دیگر ضروری تفصیلات کا تعین کیے بغیر کم قیمت پر فروخت کیا جاتا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق اس طریقہ کار کے نتیجے میں امریکی پوسٹل سروس کو مجموعی طور پر 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے بنتا ہے۔
امریکی حکام نے فہیم اکرم کی ویب سائٹ بند کرکے اسے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، تاہم ملزم اس وقت کہاں موجود ہے اس بارے میں کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ پولیس حکام کو شبہ ہے کہ وہ بیرون ملک موجود ہوسکتا ہے۔
ڈی پی او خانیوال عابد وڑائچ کے مطابق فہیم اکرم خانیوال سٹی کا رہائشی اور سافٹ ویئر انجینئر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم اس سے قبل پاکستان میں بھی اسی نوعیت کے آن لائن فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث رہا ہے، تاہم اس کے خلاف پاکستان میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔
امریکی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فہیم اکرم کے بارے میں کسی بھی قابلِ اعتماد اطلاع کی صورت میں متعلقہ سکیورٹی حکام سے رابطہ کیا جائے اور اسے خود گرفتار کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔