خیبر، باڑہ (پاک ٹوڈے): باڑہ بازار کی کئی روز سے جاری بندش کے باعث تاجروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ علاقے میں اشیائے خوردونوش کی قلت کا خدشہ بھی بڑھنے لگا ہے۔
انجمن تاجران باڑہ نے گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بازار کھولنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
اس حوالے سے انجمن تاجران باڑہ کے صدر سید ایاز وزیر کی قیادت میں تاجر رہنماؤں اور کابینہ کے عہدیداروں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب باڑہ میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سابق صدر معراج آفریدی، علی محمد آفریدی، حاجی ارمان، اخونزادہ اجمعین اور محمد اسحاق سمیت دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے کہا کہ بازار کی طویل بندش سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کے حصول میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔
انہوں نے حکام پر زور دیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر باڑہ بازار کھولنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں اور عوام کی مشکلات میں کمی آسکے۔
