پشاور (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد افغان مہاجرین کی مشکلات میں مزید اضافے اور ان کی واپسی کے عمل میں تیزی آنے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغان مہاجرین کو بلاامتیاز حراست میں لینے کے بعد سرحد پار بھیجا جا رہا ہے۔ پاکستان کے دیگر صوبوں سے بے دخل کیے جانے والے متعدد افغان مہاجرین خیبرپختونخوا میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں منتقل ہوئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف شہری اور دیہی علاقوں میں کرائے کے مکانات میں رہائش اختیار کی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سابق صوبائی حکومت افغان مہاجرین کے حوالے سے نسبتاً نرم پالیسی رکھتی تھی، جس کے باعث بالخصوص کاروباری طبقے سے تعلق رکھنے والے افغان شہریوں کو رعایت ملتی رہی۔ تاہم دہشت گردی کے واقعات میں اضافے اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد وفاقی پالیسیوں کے تحت افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔