اسلام آباد (پاک ٹوڈے) وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے مذاکرات کا فیصلہ کن دور کل شیڈول ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے یا اس میں کمی، عوام پر عائد اضافی مالی بوجھ کم کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دینے سے متعلق تجاویز پر اہم بات چیت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان اس سے قبل مذاکرات کے متعدد دور ہوچکے ہیں، جن میں عوام کو ریلیف دینے کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تکنیکی کمیٹیوں کی سطح پر بھی تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے، جبکہ حکومت نے بھی پیٹرولیم قیمتوں اور سبسڈی کے نظام میں بہتری کے لیے تجاویز پر غور کیا ہے۔
حتمی مذاکرات میں وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات کے بعد مجوزہ ریلیف پیکیج اور اس پر عمل درآمد کے طریقہ کار سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔