امریکی ریاست مسیسیپی میں طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، 2 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک

واشنگٹن (پاک ٹوڈے) امریکی ریاست مسیسیپی کے ساحل کے قریب چھوٹا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تمام 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق سنگل انجن اور بلند پروں والا سیسنا 210 طیارہ نیو اورلینز کے لیک فرنٹ ایئرپورٹ سے فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز کے لیے روانہ ہوا تھا۔ پرواز کے تقریباً 30 منٹ بعد طیارہ مسیسیپی کے علاقے ہارن آئی لینڈ سے تقریباً دو میل شمال مشرق میں پاسکاگولا کے قریب سمندر میں گر گیا۔

حکام کے مطابق ریجنل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کا طیارے سے دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر رابطہ منقطع ہوگیا، جس کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ سمیت مقامی، ریاستی اور وفاقی اداروں نے تلاش کا آپریشن شروع کیا۔

تقریباً دو گھنٹے بعد ہارن آئی لینڈ سے دو میل شمال مشرق میں طیارے کا ملبہ مل گیا، جبکہ چار گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد تمام 6 افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئیں۔

ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے سرچ اینڈ ریسکیو کوآرڈینیٹر کمانڈر ٹریور بلاؤنٹ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دلخراش نتیجہ ہے، اس ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار خاندانوں اور ان کے پیاروں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔

سیسنا 210 ایک سنگل انجن اور 6 نشستوں والا ہلکا طیارہ ہے، جسے عموماً نجی سفر اور عمومی ہوا بازی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

Related posts

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا فیصلہ کن دور کل ہوگا

بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ، پولیس محاصرے پر اظہار یکجہتی

سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 11 ہزار 500 روپے سستا