اسلام آباد (پاک ٹوڈے): یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب کی بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع تمام بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے وہاں کام کرنے والے عملے اور جہاز رانی کی کمپنیوں کو فوری انخلا کا مشورہ دیا ہے۔
یہ دھمکی سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کی جانب سے یمن کے علاقوں الحدیدہ، صعدہ اور عمران میں کارروائیوں کے دعوؤں کے بعد سامنے آئی ہے۔ اتحاد کی جانب سے الحدیدہ بندرگاہ پر بمباری کی دھمکی کے ردعمل میں حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کیا۔
یحییٰ سریع نے کہا کہ اگر سعودی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر حملے کی دھمکی پر عمل کیا تو جدہ سمیت بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی تمام بندرگاہیں حوثی فورسز کا ہدف ہوں گی۔
انہوں نے ان بندرگاہوں پر کام کرنے والے ملازمین اور کارکنوں کے علاوہ آس پاس موجود افراد کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے اور دور رہنے کی تنبیہ کی۔
حوثیوں نے بحری جہاز رانی کی کمپنیوں سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے جہاز اور کشتیاں فوری طور پر سعودی بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔